وزیراعلیٰ سندھ اور سعودی شہزادہ کا بزنس کانفرنس سے خطاب، سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال

Calender Icon جمعرات 9 اکتوبر 2025

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کراچی میں منعقدہ ایک بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت سعودی وژن 2030 کے اہداف کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کار دوست اور اصلاحات پر مبنی ماحول ان کی اولین ترجیح ہے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ “سندھ پاکستان کی معاشی ترقی کا گیٹ وے بننے کے لیے تیار ہے اور سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری خطے کے معاشی مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے۔

وزیراعلیٰ نے سعودی وفد کو ماہی گیری اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی پیشکش کی اور کراچی کی بلیو اور ییلو لائن ٹرانزٹ سسٹمز کے ساتھ ساتھ حیدرآباد-سکھر موٹروے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔

سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے وزیراعلیٰ سندھ کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ پاکستان آئے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان نئی شراکت داری قائم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “ہر شعبے میں ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی تاکہ سرمایہ کاری کا آغاز جلد از جلد کیا جا سکے۔” شہزادہ منصور نے کراچی کو ایک اہم پورٹ سٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

کانفرنس میں دونوں فریقین نے باہمی تعاون کے ذریعے معاشی ترقی کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ تقریب پاک-سعودی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔