اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی (Abbas Araqchi) نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ایرانی سفارتخانے کے مطابق عباس عراقچی نے سب سے پہلے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان کے اعلیٰ عسکری اور سیکیورٹی حکام بھی موجود تھے، جن میں وزیر داخلہ محسن نقوی، مشیر قومی سلامتی جنرل عاصم ملک اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وفد کی نمائندگی نائب وزیر خارجہ غریب آبادی، پاکستان میں ایران کے سفیر امیری مقدم اور وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کی۔
بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، باہمی تعلقات اور علاقائی امن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ عباس عراقچی گزشتہ روز ایک مختصر وفد کے ساتھ پاکستان پہنچے تھے۔ اسلام آباد میں اپنے مصروف ترین دورے کے بعد وہ اگلے مرحلے میں عمان اور روس کا بھی دورہ کریں گے۔












ہفتہ 25 اپریل 2026 