اسلام آباد : مذہبی جماعت کے مارچ کے پیش نظر راستوں کی بندش کا پلان جاری کردیا گیا ، جس میں بتایا گیا ہے کون کون سے راستے بند ہوں گے۔؟
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مذہبی جماعت کے مارچ اور راستوں کی بندش کے پیشِ نظر متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ہیوی ٹریفک اور عام گاڑیوں کے لیے مختلف راستوں پر ڈائیورشن لگائی گئی ہے۔
لاہور سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو روات ٹی چوک سے راولپنڈی موڑ دیا جائے گا جبکہ پشاور سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو 26 نمبر چونگی سے موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ مری سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو راول ڈیم چوک سے پارک روڈ اور ایکسپریس وے کی جانب موڑا جائے گا۔
راول ڈیم چوک سے فیض آباد دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے ڈائیورشن ہوگی۔ بہارہ کہو، مری اور اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والے شہریوں کو راول ڈیم چوک سے پارک روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایئرپورٹ جانے والے شہری کشمیر چوک اور سری نگر ہائی وے استعمال کریں۔ گارڈن فلائی اوور اور کھنہ پل سے فیض آباد تک ایکسپریس وے پر دونوں اطراف سے ٹریفک بند ہوگی، تاہم شہری لہتراڑ روڈ، پارک روڈ اور راول ڈیم چوک سے متبادل راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ آئی جے پی روڈ، نائنتھ ایونیو، سری نگر ہائی وے، زیرو پوائنٹ اور کلب روڈ کے متبادل راستوں سے ٹریفک کو روانہ کیا جا رہا ہے جبکہ فیصل ایونیو اور فیض آباد کے درمیان بھی دونوں اطراف سے ٹریفک ڈائیورشن دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سری نگر ہائی وے اور گولڑہ موڑ کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کریں اور سفر سے قبل اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن یا سوشل میڈیا اپ ڈیٹس سے رہنمائی حاصل کریں.