ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس ٹریننگ سکول پر حملہ، 7 جوان شہید، 6 دہشتگرد جہنم واصل

Calender Icon ہفتہ 11 اکتوبر 2025

پشاور (نیوز ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر خوارج نے حملہ کر دیا، پولیس جوانوں نے مقابلہ کرتے ہوئے 6 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کر دیے، فائرنگ کے تبادلہ میں 7 جوان شہید ہوئے۔

سنٹرل پولیس آفس کے مطابق فتنہ الخوارج نے رتہ کلاچی میں پولیس ٹریننگ سکول پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، خوارج نے بارود سے بھرا ٹرک سکول کے گیٹ سے ٹکرایا، دھماکہ کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس دہشت گرد سکول کے اندر داخل ہوگئے۔

حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں نے اس موقع پر ڈٹ کر مقابلہ کیا، پولیس اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، خوارج مسلسل دستی بم پھینکتے رہے، ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد اور آر پی او سید اشفاق انور بھی موقع پر موجود رہے۔

سنٹرل پولیس آفس نے مزید بتایا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر 5 گھنٹے طویل آپریشن کیا، 6 خوارج جہنم واصل کیے اور ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، اسلحہ ایمونیشن برآمد کیا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ 7 زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ٹریننگ سنٹر میں موجود تمام زیر تربیت ریکروٹس بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیے گئے۔

ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق ٹریننگ سکول میں ٹرینی اور اساتذہ و سٹاف سمیت 200 کے قریب افراد موجود تھے۔

انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ اعلاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے، سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری ہے، آر پی او اور ڈی پی او کی قیادت میں کامیاب کارروائی کی گئی۔

آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے شہید جوانوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسروں و جوانوں کے لئے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس ٹریننگ سنٹر پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 7 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے جان دے کر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا، پولیس نے دلیری کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔