علی امین گنڈاپور کا بطور وزیر اعلیٰ پختونخوا استعفیٰ منظور نہ کیے جانے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انہیں تحریک عدم اعتماد سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے لیے اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کا اسمبلی ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا۔
اسمبلی کے اجلاس کا فیصلہ پی ٹی آئی کی قیادت کی رات گئے بیٹھک میں کیا گیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
اجلاس میں علی امین گنڈاپور کے خلاف عدم اعتماد تحریک پیش کی جائے گی، گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہ کرنے پر اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور نے بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا تھا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انہیں تاحال استعفیٰ موصول نہیں ہوا، جس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے صوبائی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے علی امین گنڈاپور کو ہٹاکر نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔