معرکہ حق(Marka-e-haq) کو ایک سال مکمل ہونے پر آئی ایس پی آر کی جانب سے گزشتہ برس جاری کیا گیا ولولہ انگیز ملی نغمہ ’’اللہ اکبر، تیار ہیں ہم‘‘ ایک بار پھر عوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور سوشل میڈیا پر اسے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
ملی نغمے میں جوش و جذبے سے بھرپور اشعار، دل موہ لینے والی موسیقی اور طاقتور آواز نے قوم میں حب الوطنی کا نیا ولولہ پیدا کر دیا۔ نغمے کے بول ’’غالب ہیں، خدا کا وار ہیں ہم‘‘ نے نوجوانوں سمیت ہر طبقے کے جذبات کو گرما دیا اور وطن کے دفاع کے عزم کو تازہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے اس خصوصی نغمے میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانیوں اور دفاعِ وطن کے غیر متزلزل جذبے کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ نغمے کے مختلف مناظر میں جدید عسکری تیاری، مربوط حکمت عملی اور مسلح افواج کی جنگی صلاحیتوں کی جھلک بھی دکھائی گئی۔
ملی نغمے میں دشمن کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان ایک بہادر، متحد اور باعزم قوم ہے جو ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق نغمے نے نہ صرف قوم کے حوصلے بلند کیے بلکہ پاک فوج اور عوام کے درمیان اعتماد اور یکجہتی کے رشتے کو مزید مضبوط بنایا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی نغمے کو بے حد سراہا جا رہا ہے اور اسے قومی جذبے کی بہترین عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ایسے ملی نغمے قوم میں اتحاد، حوصلے اور وطن سے محبت کے جذبات کو مزید تقویت دیتے ہیں۔












جمعہ 8 مئی 2026 