تحریک لبیک کے احتجاج سے اسلام آباد میں زندگی مفلوج، باپ بیمار بچی کو اٹھائے بھاگتا رہا، ویڈیو وائرل

Calender Icon ہفتہ 11 اکتوبر 2025

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاجی مارچ کے باعث لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں حالات نہایت کشیدہ ہو گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے پیش نظر شہر کے اہم داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے، جب کہ شہریوں کو آمد و رفت میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر ایک صارف کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو نے موجودہ صورتحال کی سنگینی کو اجاگر کر دیا۔

ویڈیو میں ایک شخص کو اپنی شدید بیمار بچی کو رات کے اندھیرے میں پیدل اٹھائے اسپتال کی جانب بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔


صارف نے ویڈیو کے ساتھ پیغام لکھا کہ ’خدا کا خوف کریں، یہ اسلام آباد کی سڑکیں کھولیں۔ ایک باپ اپنی بیمار بچی کو ایمرجنسی اسپتال لے جانے کے لیے پیدل دوڑ رہا ہے۔ مظاہرین لاہور میں ہیں، تو یہاں کیوں لوگوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے؟‘

اسلام آباد اور راولپنڈی میں راستوں کی بندش کے باعث دفاتر، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں تک رسائی بری طرح متاثر ہوئی ہے، جب کہ شہریوں نے حکومت سے فوری طور پر حالات معمول پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔