کراچی میں ایف آئی اے امیگریشن(Immigration) نے سی پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر ملکی جہاز میں ہونے والی بڑی بے ضابطگی کا انکشاف کیا ہے ۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا ہے کہ آئل ٹینکر ایم ٹی آسانا میں سوار ایک غیر ملکی کریو ممبر ایکسپائرڈ سفری دستاویزات کے ساتھ سفر کر رہا تھا، شامی شہری ایکسپائرڈ سی مین بک پر سفر کرتا پایا گیا، جس کے پاس فلیگ اسٹیٹ دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کی کڑی چیکنگ کی وجہ سے بین الاقوامی میری ٹائم قوانین کی سنگین خلاف ورزی پکڑی گئی، دوران پوچھ گچھ کریو ممبر نے اعتراف کیا کہ اس نے سی مین بک کی تجدید نہیں کروائی۔بحری میں بے ضابطگی پکڑے جانے کے بعد جہاز کے ماسٹر کو فوری طلب کیا گیا، اور شپنگ کمپنی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، پانچ لاکھ روپے جرمانے کا چالان سرکاری خزانے میں جمع کر دیا گیا، جب کہ معاملے سے متعلق تمام قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔
ایف آئی اے ترجمان نے کہا کہ قومی سلامتی اور میری ٹائم سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مشکوک غیر ملکی عملے اور دستاویزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق کمپنی کو باضابطہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، نیز کراچی پورٹ پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، ترجمان نے کہا ایف آئی اے متحرک ہے اور سمندری راستوں سے ہونے والی ہر خلاف ورزی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔














اتوار 10 مئی 2026 