بنوں پولیس چوکی پر دہشتگرد حملہ، افغان ناظم الامور کی دفترِ خارجہ طلبی

Calender Icon پیر 11 مئی 2026

بنوں میں پولیس چوکی پرہونے والے دہشت گردوں کے حملے سے متعلق افغان ناظم الامور(afghan nazam alamor) کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔

اس حوالے سے ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ افغان ناظم الامور کو دہشت گردوں کے فتح خیل پولیس پوسٹ بنوں پر حملے پر سخت احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ 9 مئی کے دہشت گرد حملے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 4 افراد زخمی ہوئے تھے، تحقیقات، شواہد اور تکنیکی انٹیلی جنس سے ثابت ہوا حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے کی۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، پاکستان نے واضح کیا ہے اس بزدلانہ حملے کے ذمے داروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی اداروں کی رپورٹس میں افغان سر زمین پر دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر موجود ہے، افغان طالبان اپنی سر زمین دوسرے ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کے وعدے پر عمل کریں۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغان طالبان پر فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور داعش عناصر کے خلاف قابل تصدیق کارروائی پر زور دیا۔

مزید پڑھیں:کینسر کا جھوٹ بول کر لاکھوں بٹورنے والی مصری بلاگر نے سرینڈر کر دیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دوست ممالک کی ثالثی میں افغان طالبان سے کئی مذاکرات کیے، افغان طالبان دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی میں ناکام رہے، پاکستان اپنی قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔