دنیا کی مہنگی ترین مرغی، قیمت 17 لاکھ روپے تک پہنچ گئی

Calender Icon جمعہ 15 مئی 2026

دنیا بھر میں مرغی (Chicken)کو عام اور سستا گوشت سمجھا جاتا ہے، مگر انڈونیشیا کی ایک نایاب نسل نے اس تصور کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کی نایاب نسل ’’ایام سیمانی‘‘(Ayam Cemani) دنیا کی مہنگی ترین مرغیوں میں شمار کی جا رہی ہے، جس کی قیمت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 17 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اس کا ایک انڈا بھی ہزاروں روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایام سیمانی نسل اپنی منفرد اور حیران کن خصوصیات کی وجہ سے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس مرغی کی سب سے نمایاں بات اس کا مکمل سیاہ رنگ ہے۔ اس کے پر، چونچ، جلد، گوشت، پنجے اور حتیٰ کہ ہڈیاں بھی سیاہ دکھائی دیتی ہیں، جس کے باعث اسے دنیا کی عجیب ترین مرغیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نسل میں پائے جانے والے جینیاتی تغیر کے باعث اس کے جسم میں سیاہ رنگت غیر معمولی حد تک نمایاں ہوتی ہے۔ انڈونیشیا میں اس نسل کو خوش قسمتی، طاقت اور روحانی اہمیت کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ نایاب جانوروں اور پرندوں کے شوقین افراد اسے بھاری قیمت میں خریدنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

مزیدپڑھیں:چارسدہ واقعہ، پولیس نے مردان سے گرفتاریاں کر لیں، تحقیقات تیز

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ خالص نسل کی ایام سیمانی مرغی کی افزائش انتہائی محدود پیمانے پر ہوتی ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں اس کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق محدود افزائش، منفرد شکل اور ثقافتی اہمیت نے اس نسل کی قیمت کو عام مرغیوں کے مقابلے میں کئی گنا بڑھا دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی اس سیاہ مرغی کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جہاں صارفین اسے “گولڈن چکن” کا نام دے رہے ہیں۔ کئی صارفین اس کی قیمت اور منفرد شکل پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ بعض افراد اسے قدرت کا ایک نایاب شاہکار قرار دے رہے ہیں۔