ون کانسٹیٹیوشن ایونیو ، مزید 17 اپارٹمنٹ سب لیز ہولڈر عدالت پہنچ گئے

Calender Icon جمعہ 15 مئی 2026

ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے مزید 17 اپارٹمنٹ سب لیز ہولڈر عدالت پہنچ گئے، سابق ایئر چیف مجاہد انور خان(mujahid anwar khan) سمیت 17 افراد نے انٹراکورٹ اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی۔

انٹراکورٹ اپیل میں کہا گیا کہ سنگل بینچ کے فیصلے کے پیرا 30 سے اپیل کنندگان کے حقوق متاثر ہوئے، اپیل کنندگان کے اپارٹمنٹ پر قبضے کے ساتھ حقوق تسلیم شدہ ہیں، رہائشی ٹاورز بی اور سی کی تعمیر منظور شدہ لے آؤٹ پلان کے مطابق ہوئی۔

اپیل میں کہا گیا کہ 2023 میں لیز منسوخی پر سی ڈی اے نے ڈائریکٹر اسٹیٹ کو ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا، دونوں رہائشی ٹاورز کا انتظام اور روزمرہ امور چلانے کے لیے رہائشیوں کے ساتھ مل کر کمیٹی بنائی گئی، لیز منسوخی کے بعد سی ڈی اے کی نگرانی میں قائم کمیٹی کے تحت اپیل کنندگان رہائش پذیر ہیں۔

اپیل کنندگان کو قانونی حقوق حاصل ہیں جس کےتحت وہ لیز منسوخی کے بعد بھی رہائش پذیر رہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ اپیل کنندگان کو سب لیز کے تحت حاصل حقوق قانونی اور موثر قرار دیے جائیں۔

مزید پڑھیں:ایل سیز پر کراچی چیمبر کے بہت سے ممبران ناراض تھے، گورنر اسٹیٹ بینک

استدعا ہے کہ سی ڈی اے کو اپارٹمنٹس پر اپیل کنندگان کے قانونی قبضے میں مداخلت سے روکا جائے، سنگل بینچ کے عدالتی فیصلے کے پیراگراف 30 کو کالعدم قرار دیا جائے۔