19 سے 22 مئی تک مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے 19 سے 22 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، قصور اور ملتان شامل ہیں، میں بارش اور آندھی متوقع ہے۔

بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور خضدار میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں؛آئندہ 24 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا میں چترال، سوات، پشاور، بنوں، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور لنڈی کوتل سمیت مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ اور کوٹلی میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

دوسری جانب سندھ بھر میں موسم گرم اور خشک رہنے جبکہ درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔