پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 یا 28 مئی کو ہونے کا امکان

Calender Icon ہفتہ 16 مئی 2026

پاکستان میں ذوالحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 مئی بروز اتوار کو کراچی میں طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق مرکزی اجلاس محکمہ موسمیات کراچی میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں زونل کمیٹیاں بھی چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں کا جائزہ لیں گی۔

اگر 17 مئی کو ذوالحج کا چاند نظر آ گیا تو یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر ہوگی اور عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ منائی جائے گی۔ تاہم چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عید 28 مئی بروز جمعرات کو ہوگی۔

مزید پڑھیں؛19 سے 22 مئی تک مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پیشگوئی کی ہے کہ 17 مئی کی شام چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ سپارکو کے مطابق نئے چاند کی عمر غروبِ آفتاب کے وقت تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جبکہ ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کا فرق متوقع ہے، جو رویت کے لیے موافق سمجھا جاتا ہے۔

سپارکو نے واضح کیا ہے کہ ذوالحج کے چاند اور عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ جاری کرے گی۔