اسلام آباد/مکہ مکرمہ: وزیراعظم شہباز شریف (Prime Minister Shahbaz Sharif) کے “ڈیجیٹل پاکستان” وژن کے تحت حج انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) نے پاکستان کے حج آپریشنز کی ڈیجیٹلائزیشن کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک جدید “ڈیجیٹل کوریڈور” قائم کیا جائے گا، جس کا مقصد عازمین حج کے ڈیٹا کو سعودی نظامات جیسے “نسک” اور “مسار” کے ساتھ فوری اور مؤثر انداز میں منسلک کرنا ہے۔
این آئی ٹی بی کے پروگرام منیجر محمد اویس کے مطابق یہ نظام حج انتظامات کو زیادہ مربوط اور سہل بنانے میں مدد دے گا، جس سے عازمین کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ اس نظام کے ذریعے پاکستان کے مختلف اداروں جیسے نادرا، پاسپورٹ و امیگریشن، بینکنگ اور ایئر لائنز کے درمیان بھی ڈیجیٹل رابطہ مضبوط کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں؛کراچی میوزیم آف ہسٹری کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
وزارتِ آئی ٹی کی نگرانی میں این آئی ٹی بی کی ٹیم اس وقت سعودی عرب میں بطور مبصر موجود ہے، جبکہ منصوبے پر عملدرآمد وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہشام خان کی رہنمائی میں جاری ہے۔
اس منصوبے کے تحت “خدام الحجاج پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم (KPMS)” بھی فعال کیا گیا ہے، جو ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے حج عملے کی کارکردگی کی نگرانی اور عازمین سے فوری فیڈبیک لینے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
نظام کے ذریعے مکہ، مدینہ، جدہ اور ایئرپورٹس پر تعینات عملے کی کارکردگی کی لائیو مانیٹرنگ ممکن ہوگی، جس سے خدمات کے معیار میں بہتری متوقع ہے۔
حکومتی منصوبے کے مطابق حج 2026 کے دوران اس نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا، جبکہ 2027 تک سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کو مکمل طور پر اس ڈیجیٹل ماڈل پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔












ہفتہ 23 مئی 2026 