بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے فلم انڈسٹری میں اپنے 25 سال مکمل ہونے پر ایک یادگار سنگ میل عبور کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 70ویں فلم فیئر ایوارڈز 2025ء میں ابھیشک بچن نے اپنے 25 سالہ کیریئر میں پہلی بار بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا ہے، یہ ایوارڈ اِنہیں 2024ء کی فلم ’آئی وانٹ ٹو ٹاک‘ میں شاندار اداکاری پر دیا گیا۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ابھیشک بچن جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور اِن کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
ہاتھ میں ایوارڈ اٹھائے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اداکار نے کہا، ’اس سال میرے فلمی سفر کو 25 سال مکمل ہوئے، میں نہیں جانتا کہ کتنی بار اس لمحے کے لیے میں نے تقریر کی تیاری کی ہے، یہ ہمیشہ میرا خواب رہا ہے، آج اپنے خاندان کے سامنے یہ ایوارڈ حاصل کرنا میرے لیے بے حد خاص لمحہ ہے۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ اِن تمام ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز کا شکریہ جنہوں نے مجھ پر یقین کیا اور مجھے مواقع دیے، یہ سفر آسان نہیں تھا، مگر بے شک قابلِ فخر رہا۔
ایشوریا اور آردھیا کے نام جذباتی پیغام
ابھیشک بچن نے اپنی تقریر میں اہلیہ ایشوریا رائے بچن اور بیٹی آردھیا کا خاص طور پر ذکر کیا۔
اہلیہ اور بیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ ایشوریا اور آردھیا، تم دونوں کا شکریہ کہ تم نے مجھے میرے خواب پورے کرنے کی اجازت دی، میں جانتا ہوں کہ تمہاری قربانیاں ہی وہ وجہ ہیں کہ آج میں یہاں کھڑا ہوں، یہ ایوارڈ میں دو خاص لوگوں کے نام کرتا ہوں، اپنے ہیرو، اپنے والد (امیتابھ بچن) اور اپنی دوسری ہیرو، اپنی بیٹی آردھیا کے نام۔
یاد رہے کہ ابھیشک بچن حال ہی میں ’ہاؤس فل 5‘ میں اکشے کمار، رتیش دیش مکھ، سونم باجوہ اور جیکولین فرنینڈس کے ساتھ نظر آئے تھے۔
اِن کی اگلی فلم ’کِنگ‘ ہے جس میں وہ شاہ رخ خان اور سوہانا خان کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔