کراچی: لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور جعل سازی سے متعلق نیب (NAB) کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق جاری انکوائری کو باضابطہ طور پر انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد کیس کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف ریفرنس دائر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران اہم شواہد حاصل کیے گئے ہیں، جن کی بنیاد پر مبینہ طور پر جعل سازی میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
نیب حکام کے مطابق کچھ ریئل اسٹیٹ ایجنٹس اور لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ (LERP) کے بعض افسران پر جعلی دستاویزات اور غیر قانونی طور پر تیار کردہ پلاٹس کی فائلیں فروخت کرنے کے الزامات ہیں۔
مزید پڑھیں؛سابق سی آئی اے افسر پر 4 کروڑ ڈالر مالیت کے سونے کی اینٹیں چوری کرنے کا سنگین الزام
تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ کن شہریوں کو اس مبینہ جعل سازی کا نشانہ بنایا گیا، اور متاثرین کی نشاندہی کے لیے بھی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
نیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جو افراد اس معاملے میں متاثر ہوئے ہیں وہ نیب کراچی سے رابطہ کریں تاکہ ان کے بیانات اور شواہد ریکارڈ کیے جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مرحلے میں کیس کو مزید مضبوط شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔












جمعہ 29 مئی 2026 