وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا گلگت بلتستان کے چیف جسٹس کو خط، انتخابی ماحول پر تشویش کا اظہار

Calender Icon ہفتہ 30 مئی 2026

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی (Sohail Afridi) نے سپریم کورٹ اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جسٹس کو خط ارسال کیا ہے جس میں گلگت بلتستان میں انتخابی عمل سے متعلق صورتحال پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔

خط میں وزیراعلیٰ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابی ماحول کے حوالے سے تشویشناک اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق بعض سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیوں، جلسوں اور قیادت کی نقل و حرکت پر غیر ضروری پابندیوں کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کو مبینہ طور پر ہراسانی، گرفتاریوں اور قانونی سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ کا سامنا ہے، جو کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور ساکھ کو متاثر کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیں؛مظفرآباد: عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی حکومتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات شروع

وزیراعلیٰ نے اپنے خط میں زور دیا کہ آئین پاکستان ہر سیاسی جماعت اور شہری کو آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات میں حصہ لینے کا حق دیتا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ آزاد اور شفاف انتخابات کے لیے متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کرے، جبکہ سیاسی کارکنوں اور قیادت کے خلاف مبینہ غیر قانونی کارروائیوں اور گرفتاریوں کو روکا جائے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو بلا رکاوٹ انتخابی مہم چلانے اور سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے، اور انتخابی عمل کے دوران آئینی و جمہوری حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کی جائے۔