شرم الشیخ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے سب کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے غزہ جنگ بندی میں حماس کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔
صدر ٹرمپ نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو ایک عظیم شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصر نے امن معاہدے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہم سب کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور آج ہم شرم الشیخ میں امن کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ امریکی صدر نے ایران کے حوالے سے کہا کہ اگر ایران کو مدد کی ضرورت ہے تو وہ ہم سے مذاکرات کرے گا۔ انہوں نے یہ خواہش بھی ظاہر کی کہ صدر السیسی غزہ امن بورڈ میں شامل ہوں۔
دوسری جانب، مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے صدر ٹرمپ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ خطے میں امن کے حصول کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مصر غزہ میں جنگ بندی کو مستقل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ ملاقات مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔