وزیر اعظم شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ مشاورت جمعہ کے روز وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے ایک غیر رسمی اجلاس کے دوران کی گئی، جس کی میڈیا کوریج نہیں کی گئی۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)، ٹیکس تجاویز، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں ممکنہ اضافے سمیت اہم مالی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کو بجٹ کے اہم خدوخال اور مالیاتی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر حکومتی آمدن، اخراجات اور دستیاب مالی وسائل کے تناظر میں مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق موجودہ افراط زر کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ دستیاب وسائل اور مالی گنجائش کی بنیاد پر مزید ورکنگ کی جائے تاکہ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:ٹرمپ حکومت کا مبینہ منصوبہ، 27 لاکھ افراد کو مردہ ظاہر کرنے کی تجویز
اجلاس میں پنشنرز کو ریلیف دینے کے مختلف آپشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی دستیابی اور ترجیحات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ کی حتمی تجاویز کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دی جائے گی، جس کے بعد انہیں وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔












ہفتہ 6 جون 2026 