کپتانی اور ٹیم سے نکالے جانے کے بعد سوریا کمار یادیو کا ردعمل سامنے آگیا

Calender Icon اتوار 7 جون 2026

بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان سوریا کمار یادیو(Surya Kumar Yadav) نے کپتانی سے ہٹائے جانے اور اسکواڈ سے باہر کیے جانے کے فیصلے پر اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔

ممبئی میں ایک مقامی میچ کے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کسی ناراضی کے بجائے نئے کپتان شریاس ائیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شریاس کے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر خوش ہیں۔

سوریا کمار یادیو نے مزید کہا کہ انہوں نے ممبئی میں ایک ساتھ کرکٹ کھیلی ہے اور یہ بات دلچسپ ہے کہ بھارت کے پچھلے تین ٹی ٹوئنٹی کپتان  روہت شرما، وہ خود، اور اب شریاس ائیر  سب کا تعلق بھی ایک ہی شہر سے ہے۔

مزیدپڑھیں:معروف ٹک ٹاکرندیم نانی والا گرفتار، مقدمہ درج

واضح رہے کہ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے باوجود سوریا کمار یادیو کی حالیہ فارم میں کمی اور مستقبل کی حکمتِ عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق شریاس ائیر کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے ساتھ ساتھ آئندہ ایشین گیمز کے لیے بھی کپتان مقرر کیا گیا ہے تاکہ اگلے ورلڈ کپ کے لیے ایک مضبوط ٹیم تیار کی جا سکے۔