شاہ رخ نے شادی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا،سمرتی ایرانی

Calender Icon منگل 14 اکتوبر 2025

بھارتی ٹیلی ویژن کی مقبول اداکارہ سمرتی ایرانی نے انکشاف کیا ہے کہ بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے انہیں اپنی پہلی ملاقات میں شادی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا سےگفتگو کے دوران سمرتی ایرانی نے بتایا کہ ان کی شاہ رخ سے پہلی ملاقات اپنے شوہر زوبن ایرانی کے ذریعے ہوئی تھی اس لیے جب شاہ رخ نے انہیں شادی نہ کرنے کا مشورہ دیا تو انہیں یہ مشورہ بڑا عجیب وغریب اور مضحکہ خیز لگا۔

بھارتی اداکارہ و سیاستدان سمرتی ایرانی کے مطابق ’میرے شوہر شاہ رخ کو جانتے تھے اس لیے میں ان کے پیچھے پڑی ہوئی تھی کہ شاہ رخ سے میری ملاقات کروائیں اور جب میری شاہ رخ سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے مجھ سے کہا کہ ’ میں تمہیں بتارہا ہوں کہ شادی مت کرنا‘ جس پر میں نے ان سے کہا کہ بھائی، بہت دیر ہو گئی‘۔

دوسری جانب سمرتی ایرانی نے سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان سے پہلی ملاقات سے متعلق بتایا کہ ’ممبئی کے ایک کالج میں سلمان اور میرے شوہر زوبن ایرانی کلاس فیلو تھے، جب زوبن نے مجھے سلمان سے ملوایا تو اس ملاقات میں سلیم خان وہاں موجود تھے‘۔

سمرتی کے مطابق پہلی ملاقات کے دوران سلیم خان نے مجھے کہاکہ تم کو معلوم ہے تمہارے میاں صاحب میرے بیٹے کے ساتھ کیا کرتے ہیں؟ یہ میری کار چرا کر ڈرائیو کیلئے نکل پڑتے تھے، نکمے ہیں دونوں۔