اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP)کی قیادت میں اہم تبدیلی کا امکان پیدا ہو گیا ہے، ذرائع کے مطابق انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس نے ایس پی کائنات اظہر خان کو نیا چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 18 کی افسر کائنات اظہر خان 47ویں کامن سے تعلق رکھتی ہیں اور حال ہی میں اسلام آباد پولیس میں تعینات ہوئی ہیں۔ وہ ٹریفک مینجمنٹ اور پولیسنگ کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں اور اس سے قبل چیف ٹریفک آفیسر ملتان کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
کائنات اظہر خان اسلام آباد، راولپنڈی اور ٹیکسلا سمیت مختلف شہروں میں اہم انتظامی اور پولیس عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکی ہیں، جس کے باعث انہیں ٹریفک نظام اور شہری نظم و نسق کے معاملات میں تجربہ کار افسر تصور کیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کی بطور سی ٹی او اسلام آباد تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ اس تقرری کو دارالحکومت میں ٹریفک نظام کی بہتری اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:اسلام آباد ٹریفک پولیس کا مرکزی دفتر غیر قانونی ہونے کا انکشاف
دوسری جانب موجودہ چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد، ایس ایس پی محمد سرفراز ورک کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انہیں اس عہدے سے فارغ کر کے پنجاب میں کسی اہم ذمہ داری پر تعینات کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے بھی حتمی فیصلہ اور سرکاری اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ تبدیلی اسلام آباد ٹریفک پولیس کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے اور ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ثابت ہو سکتی ہے۔












جمعرات 11 جون 2026 