فلم انڈسٹری کے معروف ولن مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی

Calender Icon منگل 14 اکتوبر 2025

کراچی:پاکستان فلم انڈسٹری کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ولن مصطفیٰ قریشی، جنہوں نے 700 سے زائد فلموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے، ایک تکلیف دہ حادثے کا شکار ہو گئے۔ جمعرات کی صبح فجر کی نماز کے بعد گھر سے باہر واک کے دوران ان کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی، جس کی وجہ سے انہیں مکمل بیڈ ریسٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق مصطفیٰ قریشی کو کم از کم 6 ہفتوں تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، جب تک ان کی ٹانگ کی مکمل شفایابی نہ ہو جائے۔ اداکار نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ سڑک پر واک کر رہے تھے، اور کھدی ہوئی سڑک میں بری طرح گر پڑے، میرا سر سڑک سے ٹکرایا اور ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی، لیکن خوش قسمتی سے میری آنکھ محفوظ رہی،” قریشی نے کہا۔

اس افسوسناک واقعے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے حکمرانوں پر تنقید کی اور کہا، “اللّٰہ تعالیٰ ہمارے حکمرانوں کو عقل دے کہ وہ شہر کی سڑکیں بنا دیں، ورنہ ایسے حادثات روزانہ ہوتے رہیں گے۔” قریشی نے مزید بتایا کہ انہیں آج رضا ربانی کی کتاب کی تقریب میں شرکت کرنا تھی، لیکن اس حادثے کی وجہ سے وہ اس پروگرام میں شامل نہیں ہو سکے۔

مصطفیٰ قریشی کی فلم انڈسٹری میں خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے ان کی جلد صحتیابی کی دعائیں کی ہیں۔ فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار کی طبیعت میں بہتری کے لیے نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔