’میرے بال!‘: ٹرمپ میگزین کے کَور پر اپنی تصویر دیکھ کر غصے میں آگئے

Calender Icon بدھ 15 اکتوبر 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ’ٹائم میگزین‘ پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میگزین کے حالیہ سرورق پر شائع شدہ تصویر ان کے لیے انتہائی غیرمناسب اور ناقابل برداشت ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ جہاں تک میگزین کے ساتھ شائع ہونے والی کہانی کا تعلق ہے، وہ کافی اچھی تھی، لیکن سرورق پر شائع شدہ تصویر نے ان کے بارے میں غلط تاثر دیا۔ انہوں نے اسے سب سے خراب تصویر اور اب تک کی سب سے بری تصویر قرار دیا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں ہمیشہ اس اینگل لی جانے والی تصاویر پسند نہیں آئیں، لیکن یہ تصویر واقعی بہت خراب تھی اور اس کا ذکر کرنا ضروری تھا۔

ٹرمپ نے اپنے پیغام میں لکھا، ’ٹائم میگزین نے میرے بارے میں ایک نسبتاً اچھا مضمون لکھا، لیکن تصویر بالکل ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے میرے بال غائب کر دیے اور سر کے اوپر کچھ ایسا دکھایا جو بہت عجیب تھا، ایک چھوٹی سی تیرتی ہوئی تاج جیسا تھا۔ یہ بالکل عجیب تھا!‘

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹرمپ نے ٹائم میگزین کے ساتھ تنازعہ کیا ہو۔ فروری میں انہوں نے میگزین پر اس وقت تنقید کی تھی جب اس نے ٹیکنالوجی کے ارب پتی ایلون مسک کی تصویر شائع کی تھی، جس میں وہ اوول آفس کے ریزولیوٹ ڈیسک پر بیٹھے نظر آ رہے تھے۔ تب ٹرمپ نے مذاق کرتے ہوئے کہا تھا، ’کیا ٹائم میگزین اب بھی کاروبار میں ہے؟ مجھے تو یہ بھی نہیں پتا تھا،‘ اگرچہ انہوں نے مسک کے کام کی تعریف کی تھی۔

دوسری جانب، ٹرمپ کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے اور اسرائیل اور فلسطینی دہشت گرد گروہ حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد انہیں عالمی رہنماؤں کی جانب سے نوبل امن انعام کے لئے نامزد کرنے کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ ان میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو بھی شامل ہیں، جنہوں نے ٹرمپ کو 2026 کے نوبل امن انعام کے لئے نامزد کرنے کی حمایت کی ہے۔

اس معاہدے کے تحت اسرائیل نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو آزاد کیا، جبکہ فلسطینی حراست میں موجود تقریباً 2,000 افراد کو رہا کیا اور تقریباً 360 فلسطینیوں کی باقیات اسرائیل نے فلسطین کے حوالے کیں۔

یاد رہے کہ ٹرمپ اس سال کے نوبل امن انعام سے محروم رہے، جو وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا میچاڈو کو دیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے آٹھ جنگوں کا خاتمہ کیا، بشمول بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والی کشیدگی۔