پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ بیٹرز نے غلط شاٹ سلیکشن سے خود کو مشکل صورتحال میں ڈالا، البتہ ٹیسٹ اب بھی اوپن ہے ، ہدف کا دفاع کرکے کامیابی حاصل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران اظہر محمود نے کہا کہ میچ کے دوران ٹیم کی جانب سے دو اچھی شراکتیں دیکھنے کو ملیں تاہم دوسری اننگز میں اچانک وکٹوں کے گرنے سے مشکلات میں اضافہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف 17 رنز کے اندر 5 وکٹوں کا نقصان ہوا جس کی بنیادی وجہ شاٹ سلیکشن میں کمزوری تھی، بیٹنگ لائن نے درست فیصلے نہیں کیے۔
ٹیسٹ کوچ اظہر محمود نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ نے اس پہلو پر تفصیلی بات چیت کی ہے تاکہ آئندہ میچز میں ایسی غلطیوں سے اجتناب کیا جا سکے، اگر ایسی پچز پر کھیلنا ہے تو بیٹرز کو چیلنجز کا سامنا کرنے اور ان پر قابو پانے کی عادت ڈالنا ہوگی۔
کوچ نے کہا کہ ٹیم نے خود کو مشکل صورتحال میں ڈالا مگر کھلاڑیوں میں وہ جذبہ موجود ہے جو اپنے ہدف کا بھرپور دفاع کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے میدان میں آخری دم تک لڑنے پر آمادہ رکھے گا۔
اظہر محمود کا کہنا تھا کہ ان کنڈیشنز میں کامیابی کے لیے بیٹرز کو سیٹ ہونے کے بعد بڑی اننگز کھیلنا ضروری ہے، وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے سے ٹیم کا توازن متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو بیٹنگ آرڈر میں اوپر بھیجنے کا مقصد تیزی سے رنز بنانا تھا مگر وکٹوں کے جلد گرنے کے باعث منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا۔
کوچ نے کہا کہ ٹیم میں صلاحیت موجود ہے، کھلاڑی غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں اور آنے والے میچز میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔