پشاور: نومنتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے حلف برداری کے بعد باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پہنچے جہاں عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سیکرٹریٹ آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے حکام نے محمد سہیل آفریدی سے عملے کا تعارف کروایا اور انہیں دفتری امور کے بارے میں مختصر بریفنگ دی۔ اس موقع پر نئے وزیر اعلیٰ نے سیکرٹریٹ کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ ایک عوامی جگہ اور پورے صوبے کا چہرہ ہے۔” انہوں نے ہدایت کی کہ سیکرٹریٹ میں آنے والے لوگوں کے ساتھ ہمیشہ اچھا برتاؤ کیا جائے اور وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے۔
محمد سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کے آغاز پر صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین سے توقع ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور لگن سے ادا کریں گے تاکہ صوبے کے عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔