واشنگٹن : وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے اہم ملاقات کی، جس میں مڈل ایسٹ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے خطے کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران سینیٹر اورنگزیب نے بطور لیڈ سپیکر شرکاء سے خطاب کیا اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کی حالیہ کامیاب کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے حالیہ اسٹاف لیول معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیر خزانہ نے اپنے خطاب میں ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں بہتری، ریاستی ملکیتی اداروں کی تنظیمِ نو اور نجکاری کے عمل کو جاری رکھنے کے حکومتی عزم کو دہرایا۔
انہوں نے ملکی مصنوعات کی بین الاقوامی مسابقت بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ٹیرف پالیسی میں کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول معدنیات، کان کنی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، زراعت، تیل و گیس، اور فارماسیوٹیکلز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔