دنیا کا مشہور ترین بلوط کا درخت 1 ہزار سال بعد مر گیا

Calender Icon جمعہ 19 جون 2026

برطانیہ(United Kingdom) کے قدیم ترین، بڑے اور مشہور درختوں میں شمار ہونے والا میجر اوک درخت مر گیا۔

برطانوی اخبار دی گارڈیئن کے مطابق برطانیہ کے علاقے ناٹنگھم شائر کے شیر ووڈ جنگل میں موجود یہ عظیم الشان بلوط کا درخت کم از کم 1 ہزار سال پرانا تھا۔

رپورٹ کے مطابق مسلسل گرم اور خشک موسمِ گرما کے باعث درخت شدید دباؤ کا شکار رہا اور اس سال اس پر ایک بھی نیا پتہ نہیں نکلا، جس کے بعد ماہرین نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

ہر سال ہزاروں سیاح اس تاریخی درخت کو دیکھنے آتے تھے، 11 میٹر چوڑے تنے اور 28 میٹر پھیلی شاخوں والے اس درخت نے صدیوں تک مقامی لوک داستانوں اور کہانیوں میں اہم مقام حاصل کیے رکھا۔

روایات کے مطابق مشہور کردار رابن ہڈ اور اس کے ساتھی ظلم کرنے والے شیرف آف ناٹنگھم سے بچنے کے لیے اسی درخت میں پناہ لیا کرتے تھے۔

مزیدپڑھیں:نکاح کرنے پر مومنہ اقبال کو سلیوٹ پیش کرتا ہوں: مفتی عبدالقوی

ووڈ لینڈ ٹرسٹ جس نے 2014ء میں اسے ٹری آف دی ایئر قرار دیا تھا، ان کا کہنا ہے کہ درخت کو ضرورت سے زیادہ سیاحتی سرگرمیوں سے بھی نقصان پہنچا۔

ادارے کے سینئر کنزرویشن ایڈوائزر ایڈ پائن نے کہا کہ اس درخت کا زوال ایک وارننگ ہے کہ آج ہم قدیم درختوں کے ساتھ جیسا سلوک کریں گے، مستقبل میں ان کی بقا اسی پر منحصر ہو گی۔

اگرچہ درخت اب زندہ نہیں رہا، تاہم اسے جنگلی حیات اور عوام کے لیے ایک تاریخی یادگار کے طور پر کھڑا رکھا جائے گا۔

ماضی میں سیاح اس درخت کے بالکل قریب جا سکتے تھے اور اس کے کھوکھلے تنے کے اندر بھی داخل ہوتے تھے، تاہم 1970ء کی دہائی میں اس کے اردگرد حفاظتی باڑ لگا دی گئی تھی، جس کے بعد اسے صرف فاصلے سے دیکھا جاتا تھا۔