افغان طالبان بھارت کی پراکسی بن چکے ، فیصلے دلی سے سپانسر ہو رہے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف

Calender Icon بدھ 15 اکتوبر 2025

اسلام آباد : وزیردفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس وقت بھارت کی پراکسی بن چکے ہیں اور ان کے فیصلے دلی سے سپانسر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابل اس وقت بھارت کی پراکسی جنگ لڑ رہا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید انکشاف کیا کہ افغان طالبان کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور فتنہ الخوارج کے ساتھ مل چکے ہیں، اور ان کی سوچ ایک ہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ کو بڑھایا گیا تو پاکستان اپنی پوری طاقت سے جواب دے گا۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ کچھ دوست ممالک کی مداخلت پر 48 گھنٹوں کی جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے، جو اس وقت برقرار ہے۔ تاہم، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ سیز فائر زیادہ دیر نہیں چل سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان سیز فائر کی خلاف ورزی کرتا رہا تو پاکستان کو مناسب جواب دینا پڑے گا۔

خواجہ آصف نے افغان طالبان کی جانب سے دکھائے جانے والے ٹینک کے بارے میں کہا کہ اس طرز کا ٹینک پاکستان کے پاس موجود نہیں ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے چمچے وہی جھوٹ بول رہے ہیں جو بھارت پہلے بول کر ناکامی کا منہ دیکھ چکا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔