پی آئی اے بحالی کیلئے انقلابی سرمایہ کاری کی بنیاد رکھ دی: وزیراعظم

Calender Icon پیر 29 جون 2026

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف (Shahbaz Shrif)نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی بحالی کیلئے انقلابی سرمایہ کاری کی بنیاد رکھ دی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ “الحمدللہ! آج پاکستان کے معاشی اصلاحات کے سفر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور ہوگیا۔”

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ٹرانزیکشن کا پہلا مالیاتی مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا اور مینجمنٹ کنٹرول سرمایہ کار کنسورشیم کو منتقل ہونے کے ساتھ ہی قومی ایئرلائن کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی بحالی اور استحکام کے لیے انقلابی سرمایہ کاری کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جب کہ یہ پیش رفت پاکستان پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سید عاصم منیر، مشیر برائے نجکاری محمد علی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ افراد کی پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک کاوشوں نے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنایا۔

مزید پڑھیں:ملک کے مختلف حصوں کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حکومت ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے اقدامات جاری رکھے گی اور نئے مواقع پیدا کرکے پاکستان کے مزید خوشحال مستقبل کو یقینی بنایا جائے گا۔