پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس سست ہونے کی شکایت پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایم ڈبلیو 5 سب میرین کیبل (Submarine Cable)میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں تعطل آیا تاہم صورت حال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
پی ٹی اے نے کہا کہ ایس ایم ڈبلیو5 بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں آنے والے تعطل کی مسلسل نگرانی جاری ہے، اس خرابی کے نتیجے میں بعض انٹرنیٹ صارفین کو سروس کے معیار اور کنیکٹیویٹی میں وقتاً فوقتاً ڈی گریڈیشن کا سامنا ہو سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) ایس ایم ڈبلیو5 کنسورشیم کے ساتھ مل کر خرابی کی بنیادی وجہ معلوم کرنے اور سروس کی بحالی کے متوقع وقت (ETTR) کے تعین کے لیے کام کر رہی ہے، اس دوران، خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی روابط کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستانی روغن زیتون نے لندن انٹرنیشنل اولیو آئل کمپیٹیشن 2026 جیت لیا
بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی اے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورت حال کی مسلسل نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ خدمات کی مکمل بحالی جلد از جلد یقینی بنایا جا سکے۔












جمعہ 3 جولائی 2026 