پاکستان ایئر فورس (PAF) نے مختلف ٹریڈز میں ایئر مین کی بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اہل امیدواروں سے 6 جولائی سے 19 جولائی 2026 تک آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ رجسٹریشن صرف سرکاری ویب سائٹ www.joinpaf.gov.pk کے ذریعے کی جائے گی۔
اعلان کے مطابق بھرتیاں ایرو ٹیک، ایرو سپورٹ، پی ایف اینڈ ڈی آئی، سیکیورٹی، ایم ٹی ڈی، فائر فائٹر، میڈیکل اسسٹنٹ اور میوزک سمیت متعدد شعبوں میں کی جائیں گی۔ امیدوار پاکستانی، غیر شادی شدہ مرد ہوں اور ان کی عمر، قد اور تعلیمی قابلیت متعلقہ ٹریڈ کی مقررہ شرائط کے مطابق ہو۔
زیادہ تر ٹریڈز کے لیے میٹرک (سائنس) میں کم از کم 65 فیصد نمبر لازمی قرار دیے گئے ہیں، جبکہ بعض شعبوں میں الگ تعلیمی معیار مقرر کیا گیا ہے۔ فزکس، کیمسٹری، ریاضی اور انگریزی میں بھی مطلوبہ کم از کم نمبر حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ بعض ٹریڈز کے لیے بغیر چشمے کے 6/6 بینائی اور مخصوص جسمانی معیار بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پاک فضائیہ نے واضح کیا ہے کہ امیدواروں کا انتخاب ابتدائی تحریری امتحان، انٹیلی جنس ٹیسٹ، جسمانی فٹنس ٹیسٹ، طبی معائنہ اور انٹرویو کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ کامیاب امیدواروں کو پاک فضائیہ کے تربیتی مراکز میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، بعض مقامات پر بارش کا امکان
اعلان کے مطابق منتخب امیدواروں کو پرکشش تنخواہ، مفت طبی سہولیات، رہائش، گروپ انشورنس، اندرون و بیرون ملک تربیتی کورسز، اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور دیگر سرکاری مراعات بھی حاصل ہوں گی۔
دور دراز اور مخصوص علاقوں، بشمول خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لیے اشتہار میں درج پالیسی کے مطابق بعض تعلیمی شرائط میں رعایت بھی دی گئی ہے۔
پاک فضائیہ نے تمام خواہش مند نوجوانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں اور ٹیسٹ و انٹرویو کے وقت اصل شناختی کارڈ، تعلیمی اسناد اور دیگر مطلوبہ دستاویزات اپنے ساتھ لائیں۔
اہم معلومات:
- آن لائن رجسٹریشن: 6 تا 19 جولائی 2026
- درخواست کا طریقہ: صرف آن لائن
- سرکاری ویب سائٹ: www.joinpaf.gov.pk













اتوار 5 جولائی 2026 