اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق(Ayaz Sadiq) نے نشانِ حیدر کے حامل قومی ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی 27ویں برسی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید نے بے مثال جرأت، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کیا اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے ہمیشہ کے لیے قومی تاریخ میں امر ہو گئے۔
اپنے پیغام میں اسپیکر نے کہا کہ قوم کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارگل کے محاذ پر شہید کی غیر معمولی جرات و بہادری ملکی تاریخ کا روشن باب ہے اور پوری قوم کو اپنے اس عظیم ہیرو کی قربانی پر فخر ہے۔
مزیدپڑھیں:پاکستان ائیرفورس میں بھرتی کے خواہشمندنوجوانوں کےلیے خوشخبری
سردار ایاز صادق نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی نوجوان نسل کے لیے حب الوطنی، بہادری اور فرض شناسی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے جوانوں اور افسران نے ہر دور میں دفاع وطن کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے معرکۂ حق میں تاریخی فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مسلح افواج کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قومی اتحاد اور غیر متزلزل ایمان کا مظہر ہے۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور وطنِ عزیز کو ہمیشہ امن، استحکام اور سلامتی کا گہوارہ بنائے












اتوار 5 جولائی 2026 