شکاگو، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال (Ehsan Iqbal)نے شکاگو میں پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاروں، صنعت کاروں، ٹیکنالوجی ماہرین اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور علم پر مبنی معیشت کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی استحکام اور ترقی کے ایک اہم مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں قومی سلامتی، مؤثر سفارت کاری اور معاشی اصلاحات کے ثمرات کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے مشکل مگر ضروری معاشی اصلاحات کے ذریعے مہنگائی اور شرح سود میں نمایاں کمی لانے سمیت معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے، جس کے باعث پاکستان عالمی سطح پر معاشی بحالی کی ایک مثبت مثال کے طور پر ابھر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً امریکی پاکستانی برادری کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیکنالوجی، مالیات، صحت، تعلیم، توانائی اور تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور ان کی سرمایہ کاری، تجربہ اور مہارت پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
احسن اقبال نے حکومت کے قومی معاشی وژن **”اڑان پاکستان”** پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 2035 تک پاکستان کو ایک کھرب ڈالر اور 2047 تک تین کھرب ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات، ڈیجیٹل معیشت، موسمیاتی تحفظ، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور بااختیار معاشرے پر مشتمل **فائیو ایز فریم ورک** اس منصوبے کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، سیاحت، معدنیات، بلیو اکانومی، ہنرمند افرادی قوت اور تخلیقی صنعتیں مستقبل میں پاکستان کی برآمدات اور معاشی ترقی کے اہم ستون ثابت ہوں گی۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر پاکستانی نژاد امریکی ماہرین تعلیم، سائنس دانوں اور محققین کے ساتھ تعاون بڑھانے کے حکومتی عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی آف شکاگو، یونیورسٹی آف الینوائے شکاگو، الینوائے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور امریکہ۔پاکستان نالج کوریڈور کے تحت جاری تعلیمی و تحقیقی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔
مزیدی پڑھیں:ایران کیساتھ امن کیلئے ٹرمپ کا پُرعزم مؤقف متاثر کن ہے: ترک صدر
دورۂ شکاگو کے دوران احسن اقبال نے یونیورسٹی آف شکاگو کے ماہرین اور مختلف شعبوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں عوامی پالیسی، سرکاری اصلاحات، انسانی وسائل کی ترقی، تعلیمی نظام، مصنوعی ذہانت اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔












بدھ 8 جولائی 2026 