پنجاب کے وزیرِ تعلیم نے ٹیوشن سینٹرز پر مکمل پابندی کا کوئی اعلان نہیں کیا

Calender Icon بدھ 8 جولائی 2026

لاہور، وزیرِ تعلیم رانا سکندر کی گفتگو صرف ان غیر رجسٹرڈ اکیڈمیوں (Unregistered  Academies)تک محدود تھی جو مطلوبہ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہیں

گزشتہ ماہ لاہور میں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچوں کی ہلاکت کے بعد، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک گرافک میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبے بھر کے تمام ٹیوشن سینٹرز کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ دعویٰ گمراہ کن ہے۔ وزیرِ تعلیم نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔ البتہ، انہوں نے ان غیر رجسٹرڈ ٹیوشن اکیڈمیوں کو بند کرنے کے بارے میں بات کی ہے جو حکومتی شرائط کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

یکم جولائی کو فیس بک صارف نے ایک گرافک شیئر کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے رہائشی علاقوں میں چلنے والے تمام ٹیوشن سینٹرز کو بند کرنے کا کہا ہے۔

صارف نے اس مبینہ فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوشن سینٹرز بہت سی خواتین کے لیے آمدنی کا ذریعہ ہیں۔

پنجاب کے وزیرِ تعلیم راناسکندر حیات نے تمام ٹیوشن سینٹرز کو بند کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔ اس کے بجائے، انہوں نے کہا ہےکہ ستمبر سے ان غیر رجسٹرڈ اکیڈمیوں کو بند کر دیا جائے گا جو فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہیں گی۔وزیرِ تعلیم نے مزید بتایا کہ تمام ٹیوشن سینٹرز پر پابندی لگانے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔

میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مطلوبہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کام کرنے والی اکیڈمیوں کو بند کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ٹیوشن اکیڈمیوں کی رجسٹریشن متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے دائرہ اختیار میں آتی ہے اور اس وقت ان سینٹرز کا ایک تفصیلی سروے جاری ہے۔

وزیرِ تعلیم کے پبلک ریلیشنز آفیسر (PRO) نور الہدیٰ نے بھی سوشل میڈیا پر وائرل اس دعوے کی تردید کی ہے کہ صوبائی وزیر نے تمام ٹیوشن سینٹرز کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں:ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ،بجلی 34 پیسے فی یونٹ مہنگی، نیپرا نوٹیفکیشن جاری

فیصلہ: پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے تمام ٹیوشن سینٹرز کو بند کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔ ان کی گفتگو صرف ان غیر رجسٹرڈ اکیڈمیوں تک محدود تھی جو مطلوبہ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔