کراچی میں’’کانیا‘‘ ڈانس شو، پاک سری لنکا دوستی کا جشن منایا گیا

Calender Icon جمعرات 9 جولائی 2026

سری لنکا کے کلچر کے رنگ پاکستان کی ثقافت کے سنگ ہوگئے، ’کانیا‘ ڈانس شو(Kania Dance) کے ذریعے پاک سری لنکا دوستی کا جشن منایا گیا جبکہ اس شو میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز نے بھی شرکت کی۔

آرٹس کونسل کراچی میں سری لنکا کے قونصل خانے کے اشتراک سے سری لنکن ثقافتی رقص پر مبنی خصوصی پروگرام ’کانیا‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

تقریب میں سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پٹیویلا، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سفارتی نمائندوں، کاروباری شخصیات اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز پاکستان اور سری لنکا کے قومی ترانوں سے کیا گیا، جس کے بعد سری لنکا کی روایتی رسم کے مطابق معزز مہمانوں نے تیل کا چراغ روشن کیا۔ یہ روایت دوستی، اتحاد اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا کے معروف کوریوگرافر اور ڈانس ڈائریکٹر چندانا وکرما سنگھے نے پاکستانی ناظرین کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ سری لنکن رقص اور ثقافت کو بےحد سراہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شو میں سری لنکا کے روایتی رقص، فیوژن اور پرکشن (تال پر مبنی موسیقی) کا حسین امتزاج پیش کیا گیا، جسے کراچی کے حاضرین نے بھرپور پسند کیا۔

چندانا وکرما سنگھے نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا پانچواں دورہ اور آرٹس کونسل کراچی کے اسٹیج پر تیسری پرفارمنس ہے۔ پاکستانی ناظرین نے ہمیشہ میری کوریوگرافی اور رقص کو بےحد سراہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کانیا‘ کا مطلب ’کنواری‘ ہے اور یہی ان کے ڈانس گروپ کے برانڈ کا نام بھی ہے۔ ان کے مطابق یہ شو سری لنکن روایتی رقص، فیوژن اور پرکشن کا منفرد امتزاج ہے۔

چندانا وکرما سنگھے نے بتایا کہ پاکستان میں اپنی پرفارمنس مکمل کرنے کے بعد ان کا ڈانس گروپ ایک ماہ کے لیے پیرس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔سری لنکن کوریوگرافر نے پاکستانی ثقافت، موسیقی، رقص اور فنونِ لطیفہ کی بھی دل کھول کر تعریف کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پٹیویلا نے کہا کہ انہیں کراچی آ کر بےحد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور آج پاکستان اور سری لنکا کے مضبوط تعلقات کا جشن منایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی تبادلے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان اور اس پروگرام کے انعقاد میں شریک تمام اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید پڑھیں:انڈونیشیا: بدعنوانی کیخلاف کریک ڈاؤن، نائب وزیرِ امیگریشن گرفتار

فنکاروں نے سری لنکا کی بھرپور ثقافتی روایات کو مختلف رقصوں کے ذریعے پیش کیا۔ ان میں اُکوسا (ردھم)، ناگا رکشا، راگُم گی، ردمانجلی، مور (بلیو فیوژن)، تھیلمے، ہوئیا ہوئیا، ردما راٹا، ابھیشیک، سالینا لیلینا اور رتھن دیپا جنم بھومی شامل تھے۔رنگا رنگ پرفارمنسز کو حاضرین نے بھرپور داد دی اور فنکاروں کی شاندار پیشکشوں کو خوب سراہا۔