میر علی میں خوارج کا خودکش حملہ ناکام، 6 خارجی ہلاک: سکیورٹی ذرائع

Calender Icon جمعہ 17 اکتوبر 2025

میر علی :شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چھ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، ایک خارجی نے بارود سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کے کیمپ کی دیوار سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں گاڑی پھٹ گئی۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پانچ دیگر خوارج نے کیمپ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن سکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی کے باعث تمام پانچوں خوارج کیمپ کے باہر ہی ہلاک کر دیے گئے۔ بدقسمتی سے اس حملے کے دوران کیمپ کی ایک پوسٹ کی چھت گرنے سے سکیورٹی فورسز کا ایک جوان شہید جبکہ چھ دیگر زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق، گزشتہ چار روز کے دوران پاک افغان سرحد پر فورسز کی کارروائیوں میں افغان طالبان کے بھیجے گئے 108 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سکیورٹی فورسز، افواجِ پاکستان اور عوام آخری خارجی کے خاتمے تک ملک کے دفاع کے لیے پوری طرح ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستانی افواج اور ادارے ملک کے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔