جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں ملک کے سب سے بڑے جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے منصوبے کے لیے مالیاتی بولی کھول دی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق حبیب، زیڈ کے بی (ZKB) اور ای اے پر مشتمل مشترکہ کنسورشیم اس منصوبے کا کامیاب بولی دہندہ قرار پایا ہے۔ کنسورشیم نے کرکٹ اسٹیڈیم اور اس سے متعلق بیرونی ترقیاتی کاموں کی تعمیر کے لیے 8 ارب 90 کروڑ روپے کی بولی جمع کرائی۔
ادارے کے مطابق نیسپاک (NESPAK) کی جانب سے بولی کو تکنیکی اور مالی اعتبار سے مناسب قرار دیے جانے کے بعد منصوبے کا ٹھیکہ باضابطہ طور پر کنسورشیم کے حوالے کیا جائے گا۔
سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس منصوبے پر وفاقی وزیر داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر ماحولیات خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ اسے مقررہ مدت میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
حکام کے مطابق نیا کرکٹ اسٹیڈیم اسلام آباد کے سیکٹر D-12کے قریب مارگلہ ہلز کے دامن میں تعمیر کیا جائے گا۔ اسٹیڈیم کا ڈیزائن جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوگا اور اسے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی طرز پر تیار کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت اسٹیڈیم میں35 ہزار تماشائیوںکے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جبکہ اس کے ساتھ3 کلومیٹر طویل، تین رویہ سڑکیں، پارکنگ، ڈرینیج، یوٹیلٹی نیٹ ورک اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔
سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ تمام قانونی اور پیپرا قواعد و ضوابط مکمل کرنے کے بعد ہی مالیاتی بولی کھولی گئی ہے، جبکہ حتمی منظوری سے قبل کنسلٹنٹ پیش کردہ نرخوں اور تخمینوں کا تفصیلی جائزہ لے گا تاکہ منصوبے کو مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔













منگل 21 جولائی 2026 

