اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) میں پاکستانیوں کے لیے عالمی کیریئر کے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار پاکستانی نوجوان مختلف ممالک میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام میں ملازمتوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار پاکستانی شہریوں کے لیے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) میں عالمی سطح پر کیریئر کے مواقع سے متعلق اہم معلومات جاری کر دی ہیں۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستانی امیدوار اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام میں مختلف پیشہ ورانہ آسامیوں کے لیے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ یہ مواقع خاص طور پر ایسے افراد کے لیے ہیں جو بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امیدواروں کے لیے بنیادی شرط اعلیٰ تعلیمی قابلیت ہے، جبکہ متعلقہ شعبے میں تجربہ رکھنے والے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ بیچلر ڈگری کے حامل امیدوار بھی اضافی پیشہ ورانہ تجربے کی بنیاد پر بعض آسامیوں کے لیے اہل ہو سکتے ہیں۔
مزیدپڑھیں:پنجاب سے غائب ہونے والی لاکھوں ٹن گندم کہاں گئی؟
یو این ڈی پی میں پیشہ ورانہ عہدوں کا تجربہ کے لحاظ سے درج ذیل گریڈز میں تعین کیا جاتا ہے، پی 2 کیلیے 2 سے 4 سال کا تجربہ۔ پی 3کیلیے 5 سے 7 سال کا تجربہ ۔ پی 4کیلیے 7 سے 9 سال کا تجربہ پی 5 کیلیے 12 سال کا تجربہ اور ڈی ون / ڈی ٹو کیلیے 15 سے 17 سال یا اس سے زیادہ تجربہ درکار ہے۔
اعلامیے کے مطابق بین الاقوامی پیشہ ورانہ کیریئر کے لیے مختلف ممالک میں تعیناتی، ترقی کے مواقع اور ثقافتی ماحول میں کام کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہوگا۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے نوجوان پیشہ ور افراد، یونیورسٹی گریجویٹس اور تجربہ کار ماہرین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر منوا کر پاکستان کا نام روشن کریں۔
مزید معلومات اور آن لائن درخواست کے لیے امیدوار یو این ڈی پی جابس پورٹل سے رجوع کر سکتے ہیں۔













اتوار 26 جولائی 2026 

