بابر اعظم کی آل فارمیٹ کپتانی کی خواہش، ٹیسٹ قیادت سے پہلے اہم شرط کا انکشاف

Calender Icon منگل 28 جولائی 2026

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی دوبارہ قیادت کے حوالے سے اہم دعوے سامنے آئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر اعظم نے مبینہ طور پر ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالنے سے قبل مستقبل میں تینوں فارمیٹس کی قیادت سونپنے کی شرط رکھی تھی۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلیکٹرز نے بابر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ اگر ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ پانچ ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی کارکردگی بہتر رہی تو انہیں مکمل طور پر آل فارمیٹ کپتان بنانے پر غور کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کپتان کے انتخاب سے قبل دو سلیکٹرز نے بابر اعظم سے ملاقات کی، کیونکہ شان مسعود کی قیادت میں مسلسل مایوس کن نتائج کے بعد پاکستان ٹیم کے پاس محدود آپشنز موجود تھے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بابر اعظم ہمیشہ سے پاکستان ٹیم کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنے کے خواہاں رہے ہیں اور انہوں نے صرف ٹیسٹ کپتانی قبول کرنے پر مکمل رضامندی ظاہر نہیں کی تھی۔

یاد رہے کہ بابر اعظم نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان ٹیم کی آل فارمیٹ کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو محدود اوورز کی قیادت سونپی گئی تھی۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ ملنے والی ذمہ داری کے لیے تیار ہیں، ماضی کے تجربات سے سیکھ چکے ہیں اور ان کی اولین ترجیح پاکستان کو مزید کامیابیاں دلانا ہے۔

تاہم بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق ان دعوؤں پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔