PNF کلب اسکواش چیمپئن شپ:4 پاکستانی کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

Calender Icon ہفتہ 1 اگست 2026

ٹاپ سیڈ نورزمان سمیت پاکستان کے چاروں کھلاڑی پی این فلیٹ کلب اسکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔

پری کوارٹر فائنل میں تین بڑے اپ سیٹ ہو گئے،مصر کے علی طلبہ نے سیڈ 2 ہم وطن کریم الحمامی کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، حمزہ خان اور ناصر اقبال نے بھی اپ سیٹ کرڈالے، کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والے دیگرچار کھلاڑیوں کا تعلق مصر سے ہے۔

پی این روشن خان، جہانگیرخان انٹرنیشنل اسکواش کمپلیکس میں جاری 41 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی چیمپین شپ کےپری کوارٹر میں ہفتہ کو عالمی نمبر 139 مصر کے علی طلبہ نے سیکنڈ سیڈڈ اور عالمی نمبر 49 کریم الحمامی کو 85 منٹ کی سخت جدوجہد کے بعد 2-3 سے ہرا کر اپ سیٹ کامیابی حاصل کی۔

سابق عالمی جونیئر چیمپین اور عالمی نمبر 129 پاکستان کےحمزہ خان نے بھی مسلسل دوسرا اپ سیٹ کرتے ہوئے عالمی نمبر 65 سوزرلینڈ کے ڈیوڈ برنیڈ کو 2-3 سے شکست دے دی،یہ مقابلہ 70 منٹ تک جاری رہا، سابق قومی چیمپین و عالمی نمبر 124 ناصر اقبال نے عالمی نمبر 67 مصر کے یاسین شودی کو کوئی گیم ہارے بغیر 0-3 سے ہرا کر اپ سیٹ کیا۔

ٹاپ سیڈ اور عالمی نمبر29 نور زمان نے بلا دقت عالمی نمبر100 برازیل کے ڈیگو گوبی کو0-3 سے مات دی،سیڈ8و عالمی نمبر 77 عاصم خان نے عالمی نمبر 79 ہانگ کانگ کے میتھو لی کو1-3 سے ہرایا۔

مزید پڑھیں:کراچی، خود ساختہ مغوی بازیاب،موبائل فون برآمد، وڈیو بھی سامنے آگئی

سیڈ6و عالمی نمبر71 مصر کے محمد نصیر نے عالمی نمبر123 جاپان کے ناؤ کی حیاشی کو1-3 اور سیڈ7 و عالمی نمبر 75 مصر کے یاسین الشافعی نے ہموطن عالمی نمبر119 عبداللہ حفیظ کو2-3 سےشکست دے دی۔