قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں مالی بدعنوانی کے الزامات، قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز کوعہدے سے ہٹا دیاگیا

Calender Icon پیر 3 اگست 2026

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز راجہ وقاص (Raja Waqas)کو مالی بدعنوانیوں کے الزامات کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے راجہ وقاص کی جگہ سینئر سیکیورٹی آفیسر طاہر جوئیہ کو قائم مقام سارجنٹ ایٹ آرمز مقرر کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق راجہ وقاص کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ قومی اسمبلی کے سینئر افسر جواد عابد کو تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جینیٹوریل سروسز کے انچارج نے راجہ وقاص کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کو تحریری درخواست دی تھی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ راجہ وقاص نے مبینہ طور پر ان سے 35 لاکھ روپے وصول کیے۔

مزیدپڑھیں:کینیڈا جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر، درخواست گزاروں کے لیے انتظار مزید طویل

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سپیکر کے سامنے پیشی کے دوران راجہ وقاص نے مبینہ رقم کے لین دین کو ذاتی معاملہ قرار دیا، جس پر سپیکر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا۔

ذرائع کے مطابق راجہ وقاص پر جونیئر سیکیورٹی اسٹاف پر دباؤ ڈالنے اور ان سے مبینہ طور پر ماہانہ رقم (منتھلی) وصول کرنے کے بھی الزامات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر انکوائری میں الزامات ثابت ہوئے تو راجہ وقاص کو معطل بھی کیا جا سکتا ہے۔