تھائی قونصلیٹ اور اکبر نیازی ہسپتال کا مفت میڈیکل کیمپ، سینکڑوں افراد مستفید

Calender Icon اتوار 9 اگست 2026

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفارتخانے اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے اشتراک سے تھائی بادشاہ کی سالگرہ کے موقع پر ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا،۔

جس سے سینکڑوں افراد نے استفادہ کیا۔ کیمپ کا مقصد مالی مشکلات سے دوچار افراد کو بلا معاوضہ طبی معائنہ، تشخیصی سہولیات اور ادویات فراہم کرنا تھا۔

کیمپ میں جنرل میڈیسن، بریسٹ ہیلتھ، غذا اورغذائیت سمیت مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں طبی مشاورت فراہم کی۔ شرکاء کو مختلف تشخیصی ٹیسٹ اور ضرورت کے مطابق مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

پاکستان میں تھائی لینڈ کے سفیررونگ وُدھی ویرا بُتر نے سفارتخانے کے وفد کے ہمراہ طبی کیمپ کا دورہ کیا اور مریضوں، ڈاکٹروں، طبی عملے اور رضاکاروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر خان نیازی، ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر اریج نیازی اور ہسپتال کی سینئر انتظامیہ نے سفیر کا استقبال کیا۔

تھائی سفیر نے کیمپ میں فراہم کی جانے والی طبی و تشخیصی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلبہ رضاکاروں کی بھی تعریف کی، جنہوں نے مریضوں کی رہنمائی اور کیمپ کے انتظامات میں معاونت کی۔

ڈاکٹر **یاسر خان نیازی** نے کہا کہ اس نوعیت کی مشترکہ فلاحی سرگرمیاں پاکستان اور تھائی لینڈ کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت، طبی تعلیم، کلینیکل تربیت، تحقیق اور علمی تبادلے کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:ایران آبنائے ہرمز سے ’کسی بھی قیمت‘ پر پیچھے نہیں ہٹے گا، سابق ایرانی چیف جسٹس

کیمپ سے مستفید ہونے والے افراد نے مفت طبی معائنے، تشخیصی ٹیسٹ، ڈاکٹروں کی مشاورت اور ادویات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ان خاندانوں کے لیے خاص طور پر اہم ہیں جو مالی مشکلات کے باعث بروقت طبی سہولیات حاصل نہیں کر پاتے۔ منتظمین نے مستقبل میں بھی پاکستان اور تھائی لینڈ کے اشتراک سے ایسے فلاحی اور طبی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔