ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کوالیفائر : سابق آسٹریلوی کرکٹر پرتگال کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

Calender Icon بدھ 12 اگست 2026

سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر موئسس ہنریکس(Moises Henriques) کو پرتگال کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔

39 سالہ ہنریکس کو فن لینڈ میں 14 سے 20 اگست تک ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یورپ سب ریجنل کوالیفائر سی کے لیے پرتگال کی 14 رکنی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں گروپ بی میں پرتگال، اسرائیل، جرمنی، یونان اور چیکیا کی ٹیمیں شامل ہوں گی، جبکہ گروپ کی فاتح ٹیم 21 اگست کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنائے گی۔

موئسس ہنریکس نے آسٹریلیا کی جانب سے 4 ٹیسٹ، 16 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، انہوں نے 2021 میں آسٹریلیا کے لیے آخری میچ کھیلا۔

واضح رہے کہ ہنریکس پرتگالی جزیرے مڈیرا میں پیدا ہوئے تھے، جو عالمی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی جائے پیدائش بھی ہے۔

ہنریکس بچپن میں اپنے خاندان کے ساتھ آسٹریلیا منتقل ہوگئے تھے، جہاں انہوں نے کرکٹ میں اپنا کامیاب کیریئر بنایا اور نیو ساؤتھ ویلز اور سڈنی سکسرز کی نمائندگی کی۔انہوں نے گزشتہ ماہ آسٹریلوی ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

مزیدپڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، برینٹ کروڈ 89.63 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا

اس وقت آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پرتگال 37ویں نمبر پر ہے اور ٹیم عالمی سطح پر اپنی جگہ بنانے کے لیے کوالیفائر میں کامیابی حاصل کرنے کی خواہاں ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کوالیفائر میں پرتگال کی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 14 اگست کو اسرائیل کے خلاف کرے گی۔

گروپ کی فاتح ٹیم فائنل میں پہنچے گی، جہاں کامیابی کی صورت میں وہ یورپی ریجنل فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

یورپی ریجنل فائنل کی ٹاپ دو ٹیمیں 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے عالمی کوالیفائر میں پہنچیں گی، جس کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے۔