بھارت: پولیس رویے سے تنگ 24 خواجہ سراؤں نے اجتماعی طور پر زہر پی لیا،ویڈیو وائرل

Calender Icon پیر 20 اکتوبر 2025

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس کے رویے سے تنگ دو درجن خواجہ سراؤں نے اجتماعی طور پر زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں خواجہ سراؤں کی اجتماعی خودکشی کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں تقریباً 24 خواجہ سراؤں کو ایک ساتھ زہریلا فنائل پیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ خواجہ سرا دو افراد کی جانب سے ایک خواجہ سرا کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، تاہم پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر خواجہ سراؤں نے احتجاجاً فنائل پی کر اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔

فنائل پینے والے تمام خواجہ سراؤں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تمام مظاہرین کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور ان کی گرفتاری کے بعد مزید کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ دوسری جانب معاملہ سامنے آنے پر بھارت کے مختلف شہروں میں خواجہ سرا کمیونٹی کی جانب سے متاثرہ افراد کے لیے انصاف کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔