معروف پاکستانی گلوکارہ فریحہ پرویز(Fariha Pervez) کا کہنا ہے کہ اگر میرے بچے ہوتے تو میں اپنی اولاد کی حفاظت کی خاطر اپنی زندگی غرق کر دیتی۔
حال ہی میں فریحہ پرویز نے احمد علی بٹ کو دیے گئے انٹرویو میں اولاد نہ ہونے اور اللّٰہ کی جانب سے عطا کردہ اس خوبصورت نعمت کے حوالے سے بعض والدین کے غیر ذمے دارانہ رویے پر کھل کر گفتگو کی۔
اولاد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فریحہ پرویز نے کہا کہ ‘میرے بچے نہیں ہیں اور میرا خیال ہے کہ اگر میں بیٹوں یا بیٹیوں کی ماں ہوتی تو میں ایک انتہائی محتاط ماں ہوتی، میں اپنی زندگی حقیقتاً ان پر نچھاور کر دیتی، اپنے آپ کو غرق کر دیتی کیونکہ میں نے بھی اپنا بچپن گزارا ہے، کھیل کود کے لمحات، اسکول اور زندگی کے تمام مراحل دیکھے ہیں’۔
مزیدپڑھیں:گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان بیشتر معاملات پر اتفاق ہوگیا
انہوں نے کہا کہ ‘بچے کی زندگی میں ماں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے، آج ہم دیکھتے ہیں کہ مائیں اپنے بچوں کو آئی پیڈز، ٹیبلٹس دے دیتی ہیں جس سے وہ ان کی صحت کو نقصان پہنچا رہی ہیں، ان میں سے نکلنے والی تابکاری بچوں کی کمر، ہڈیوں اور جسم کو متاثر کر رہی ہے، بچوں کی صحت پر سمجھوتا کیا جا رہا ہے’۔
گلوکارہ نے والدین پر زور دیا کہ ‘وہ براہِ کرم اللّٰہ کی دی ہوئی اس نعمت کا خیال رکھیں، اپنے بچوں کی قدر کریں، یہ ایک نعمت بھی ہے اور آزمائش بھی’۔
انہوں نے کہا کہ ‘میرے خیال میں اولاد ایک آزمائش ہے، ماؤں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنا کردار بخوبی ادا کریں، میں جانتی ہوں کہ والدین کو شاید میری یہ بات ناگوار گزرے لیکن جب آپ کسی بچے کو دنیا میں لانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس کی مناسب دیکھ بھال بھی ضرور کریں’۔













اتوار 16 اگست 2026 

