اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں تعمیراتی شعبے کی مزید ترقی، معیار میں بہتری اور صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جامع ڈیولپمنٹ پیکیج تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سینیٹر احد خان چیمہ کی زیر صدارت قومی تعمیراتی شعبے میں اہم ریگولیٹری، آپریشنل اور مالیاتی اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں تعمیراتی صنعت کی ترقی اور اس سے متعلق پالیسی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت جلد ہی سرکاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے ڈیفیکٹ لائبیلٹی پیریڈ (ڈی ایل پی) ایک سال سے بڑھا کر 3 سال کرنے جا رہی ہے، جبکہ مستقبل میں اسے مزید بڑھا کر 5 سال تک کرنے کے لیے واضح روڈ میپ بھی موجود ہے۔
حکام کے مطابق ڈی ایل پی میں اضافے کا مقصد سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی معیار بہتر بنانا، منصوبوں کی پائیداری یقینی بنانا اور تعمیراتی کام میں معیار پر زیادہ توجہ دینا ہے۔
اجلاس میں تعمیراتی شعبے کی ترقی کے لیے مجوزہ پیکیج کے مختلف خدوخال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ زیر غور پیکیج کے تحت تعمیراتی صنعت ترقیاتی بورڈ (CIDB) کے قیام کی تجویز شامل ہے۔
مجوزہ تعمیراتی صنعت ترقیاتی بورڈ میں سرکاری اور نجی شعبوں کے نمائندے شامل ہوں گے اور یہ بورڈ تعمیراتی صنعت کے قومی معیار کو بلند کرنے اور شعبے سے متعلق پالیسی سازی کے لیے ایک متفقہ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
اجلاس میں کنسٹرکشن ڈویلپمنٹ بینک (CDB) کے قیام اور اس کی افادیت کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ تعمیراتی شعبے کے لیے درکار مالی سہولیات اور صنعت کی ترقی میں مالیاتی اداروں کے کردار پر بھی غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ تعمیراتی شعبے سے متعلق درآمدی اور برآمدی پالیسیوں کو مزید معقول بنانے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں، تاکہ صنعت کو درپیش رکاوٹوں کو کم کیا جاسکے اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔
مجوزہ پیکیج میں تعمیراتی شعبے کے لیے ہدف شدہ ٹیکس اصلاحات بھی شامل ہوں گی۔ حکومت کا مقصد ٹیکس پالیسی کو تعمیراتی صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا اور شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔
اجلاس میں تعمیراتی شعبے کی موجودہ صورتحال، ریگولیٹری نظام، آپریشنل معاملات اور مالیاتی ضروریات کا جائزہ لیتے ہوئے اصلاحات کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
وفاقی حکومت مجوزہ جامع ڈیولپمنٹ پیکیج کے فریم ورک کو حتمی منظوری کے لیے باضابطہ طور پر وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد تعمیراتی شعبے کی ترقی اور اصلاحات سے متعلق اقدامات پر عملدرآمد کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔













اتوار 16 اگست 2026 

