اسلام آباد: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اہم اداروں سائنس و ٹیکنالوجی کی قائمہ کمیٹی (کامسٹیک) اور اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ ڈویلپمنٹ (آئی سی سی ڈی) نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کو الگ الگ خطوط کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، سائنسی و تکنیکی تعاون اور مسلم دنیا کے ساتھ اقتصادی روابط مضبوط بنانے میں کردار پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے اپنے خط میں وفاقی وزیر کی گلوبل ساؤتھ انوویشن اینڈ انویسٹمنٹ سمٹ اور انٹرنیشنل ایجوکیشن سمٹ اینڈ ایکسپو میں شرکت اور مدلل خطابات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ قیصر احمد شیخ کے عملی تجربات پر مبنی خیالات نے سائنسی ترقی، ٹیکنالوجی، جدت اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اہم رہنمائی فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کی رہنمائی اور تعاون سے کامسٹیک کے اقدامات کو تقویت مل رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی ڈی کے سیکرٹری جنرل یوسف حسن خلاوی نے اپنے خط میں وفاقی وزیر کی ادارے کے مختلف پروگراموں میں شرکت، سرپرستی اور تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں بین الاقوامی اقتصادی تعاون اور نجی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قیصر احمد شیخ کی قیادت میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کی سرگرمیاں پاکستان کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مرکز بنانے اور مسلم ممالک کے ساتھ تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان، سعودیہ زرعی و غذائی برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے پر عزم
آئی سی سی ڈی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرکے او آئی سی ممالک میں معاشی ہم آہنگی، نجی شعبے کی ترقی اور باہمی تجارت کے فروغ کے لیے طویل المدتی شراکت داری کو آگے بڑھایا جائے گا۔













اتوار 30 اگست 2026 

