اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے منگنی اور شادی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبروں اور دعوؤں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ایک بیان میں اپنے تفصیلی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نہ تو ان کی بات پکی ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی منگنی۔ سوشل میڈیا نے خود ہی ان کی بات بھی پکی کر دی، منگنی بھی کروا دی اور شادی بھی رچا دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی پرنسز گلوریانامی خاتون کو بالکل نہیں جانتے اور اس قسم کے شوشے صرف عوام کی توجہ ملک کے حقیقی مسائل سے ہٹانے کے لیے چھوڑے جاتے ہیں۔
گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں تیزی سے پھیل رہی تھیں کہ بلاول بھٹو زرداری کی منگنی آسٹریا کے سابق شاہی خاندان (House of Habsburg-Lorraine) سے تعلق رکھنے والی ‘پرنسز گلوریا (Gloria von Habsburg) سے طے پا گئی ہے۔ ان افواہوں نے اس وقت مزید زور پکڑا جب ایوانِ صدر نے 27 اگست کو صدر آصف علی زرداری کے نجی دورۂ یورپ کی تصدیق کی، جسے سوشل میڈیا صارفین نے مبینہ منگنی کی تقریب سے جوڑ دیا۔
ایوانِ صدر اور پارٹی ذرائع کے علاوہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی پہلے ہی ان خبروں کو غلط اور من گھڑت قرار دے چکے تھے، جبکہ اس خبر کو شائع کرنے والے مقامی اخبار نے بھی حقیقت سامنے آنے پر اپنی رپورٹ واپس لے لی تھی۔
یاسی و صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے ان وائرل دعوؤں کے پیچھے کسی قسم کے مصدقہ یا سرکاری ذرائع موجود نہیں تھے اور یہ محض افواہ سازی کا نتیجہ تھا۔













پیر 31 اگست 2026 

