وزیراعظم کا 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

Calender Icon جمعرات 3 ستمبر 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے شمالی وزیرستان کے قریب پاک افغان سرحد پر فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے اور 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور جرأت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے غلام خان کے علاقے میں افغانستان سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کے گروپ کو فورسز نے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی جاری رہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک سیکیورٹی فورسز کی انسداد دہشت گردی مہم ’’عزمِ استحکام‘‘ پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو ملک میں بدامنی پھیلانے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزیدپڑھیں:آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے، شہباز شریف

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں فورسز کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور سرحدی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب سرگرم دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز پر فخر کرتی ہے جو وطن کی سلامتی، سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے برسرپیکار ہیں۔